قربانیاں دیتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فتح حاصل کی ہے، کراچی میں امن قائم ہوچکا ہے: احسن اقبال

لندن میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں دہشت گردی اورفرقہ واریت کے واقعات میں 80 فیصد سے زائد کمی ہوئی

قربانیاں دیتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں  فتح حاصل کی ہے، کراچی میں امن قائم ہوچکا ہے: احسن اقبال

وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے امریکا کی پاکستان میں یکطرفہ کارروائی دو طرفہ تعلقات کے لیے ریڈ لائن ہو گی، پاکستان کو ڈرانا، دھمکانا غیر مفید ہوگا۔

لندن میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں دہشت گردی اورفرقہ واریت کے واقعات میں 80 فیصد سے زائد کمی ہوئی،  کراچی میں امن واپس آگیا ہے اور وہاں 95 فیصد جرائم کاخاتمہ ہوگیا، بلوچستان میں تخریب کاروں نے امن کونقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کیں اور وہاں ترقی کی نئی لہرشروع ہوچکی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب تجربات کا دنیا کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم نے مل کرجنگ لڑی اورنیشنل ایکشن پلان کے ذریعے پوری قوم نے دہشتگردی کونا سور قراردیا۔

انہوں نے کہا کہ  افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا ہے، دہشتگردی کے مسئلہ کے حل کے لیے عسکری کے ساتھ سیاسی حل بھی ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کرکام کرنے کو تیار ہے، امریکا سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستانی مفادات کیخلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی تو جواب دیاجائے گا، پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے، ترقیاتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کیخلاف سب سےزیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں، گزشتہ چند سال میں پاکستان نے 60 ہزار سے زائد جانیں دیں، دہشتگردوں سے جنگ میں پاکستانی معیشت کو 25 ارب ڈالر سے زائد نقصان اٹھانا پڑا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے ضروری ہے پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں، پاکستان ہمسایہ ممالک سے اچھے اور مثالی تعلقات کا خواہشمند ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں معمولی امریکی امداد ملی، دہشتگردی کیخلاف جنگ امریکی امداد کیلئے نہیں بلکہ عوام کے تحفظ کیلئے لڑی۔
 



متعللقہ خبریں