اب پاکستان کا اگلا وزیراعظم بھی بلوچستان سے ہوگا: میر عبدالقدوس بزنجو

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی چیئرمین شپ بلوچستان کو ملنا بہت بڑی کامیابی ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ اس صوبے کے قوم پرستوں نے ہماری حمایت کرنے کی بجائے منفی باتیں کیں جس سے ملک بھر میں بلوچستان کی بدنامی ہوئی

اب پاکستان کا اگلا وزیراعظم  بھی بلوچستان سے ہوگا:   میر عبدالقدوس بزنجو

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے محمدصادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے پر پیپلزپارٹی کے آصف علی زرداری ،عمران خان اور فاٹا کے سینیٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ اب آئندہ عام انتخابات میں وزیرِ اعظم بلوچستان سے لانے کے لئے فائٹ کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ 

اب بلوچستان کو ماضی کی نظر سے نہ دیکھا جائے، آبادی کی بجائے رقبے کے لحاظ سے وسائل فراہم کرے۔

 وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی چیئرمین شپ بلوچستان کو ملنا بہت بڑی کامیابی ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ اس صوبے کے قوم پرستوں نے ہماری حمایت کرنے کی بجائے منفی باتیں کیں جس سے ملک بھر میں بلوچستان کی بدنامی ہوئی۔ اس صوبے کے بڑے معتبر سیاست دان اسلام آباد کے خلاف باتیں کرتے تھے، اب وہ خود وہاں بیٹھ کر صوبے کی کونسی خدمت کر رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے حق میں ہیں۔ سی پیک کے حوالے سے گزشتہ تین چار سالوں میں کوئی فنڈنگ نہیں ہوئی۔ بلوچستان کی حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ جمہوریت کے چیمپئین اور باتوں کے سٹیج ماسٹر کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ صوبے کے عوام اب جاگ چکے ہیں۔ اگلے الیکشن میں بلوچستان کے حقوق کی بات کرنے والوں کو سامنے لائیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیرِ داخلہ میر سرفراز بگٹی نے محمود خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب بڑے جمہوریت پسند کہلاتے ہیں، پہلے اپنی جماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں تا کہ آئندہ انتخابات میں ان کا کوئی امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن نہ لڑے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کاکہناتھاکہ ہم نے اپنے امیدوار محمدصادق سنجرانی کو چیئرمین منتخب کرانے کیلئے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی ،پاکستان تحریک انصاف ،فاٹا اور ایم کیوایم سمیت دیگر سے رابطے کئے تو پاکستان پیپلزپارٹی کے آصف علی زرداری ،پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان اور فاٹا کے سینیٹرز اور ایم کیوایم کی قیادت کی جانب سے ہمیں بھرپور سپورٹ ملی ۔



متعللقہ خبریں